بجلی کے ایک سے زائد میٹر لگانے پر پابندی سے متعلق پاورڈویژن کا اہم بیان سامنے آگیا

وزارتِ توانائی نے واضح کیا ہے کہ ایک گھر میں دو بجلی کے میٹر لگانے پر پابندی سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں درست نہیں ہیں۔ ترجمان پاور ڈویژن نے ان خبروں کو جھوٹا اور عوام کو گمراہ کرنے والا پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسی افواہیں صرف لوگوں میں پریشانی پھیلانے کے لیے پھیلائی جا رہی ہیں اور یہ عمل قانوناً جرم ہے۔ پیکا ایکٹ کے تحت ایسی جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے۔

ترجمان کے مطابق، رہائشی جگہ جہاں علیحدہ پورشن، الگ سرکٹ، دروازہ اور کچن ہو، وہاں آج بھی قانون کے مطابق دوسرا بجلی کا میٹر لگوایا جا سکتا ہے۔

البتہ، بجلی کے غلط استعمال اور سبسڈی کا ناجائز فائدہ روکنے کے لیے پہلے سے ہی قوانین موجود ہیں، جو اب بھی نافذ ہیں۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور میٹرز کے درست استعمال میں بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں سے تعاون کریں، تاکہ اصل مستحقین کو ان کا حق صحیح طریقے سے مل سکے۔

Leave a Comment